اسلام آباد میں 9 محرم کا مرکزی جلوس آج، 3 ہزار سے زائد اہلکار تعینات، سکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وفاقی دارالحکومت میں نویں محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے لیے سکیورٹی کے سخت اور جامع انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جبکہ جلوس کی حفاظت کے لیے پولیس، سپیشل برانچ اور ٹریفک پولیس کے 3 ہزار سے زائد افسران اور اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق جلوس کی نگرانی سیف سٹی کے مرکزی کنٹرول روم اور موبائل کنٹرول یونٹس کے ذریعے کی جائے گی، جبکہ جلوس کے روٹ کو خاردار تاروں اور قناتوں کے ذریعے مکمل طور پر کارڈن کر دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق مرکزی جلوس کو تھری لیئر سکیورٹی فراہم کی جائے گی اور حساس مقامات پر عمارتوں کی چھتوں پر سنائپر کمانڈوز بھی تعینات ہوں گے۔ جلوس کے داخلی راستوں پر جدید سکینرز نصب کر دیے گئے ہیں جبکہ بم ڈسپوزل سکواڈ کی مدد سے جلوس کے تمام راستوں کی مکمل کلیئرنس کی جائے گی۔
انتظامیہ نے جلوس کے علاقوں میں نجی ڈرون اڑانے پر پابندی عائد کر دی ہے، جبکہ جلوس کے آگے اور پیچھے سی ٹی ڈی، ضلعی پولیس اور رینجرز کے خصوصی دستے سکیورٹی فرائض انجام دیں گے۔
خواتین عزاداروں کی چیکنگ کے لیے لیڈیز پولیس اور خواتین رضاکار تعینات کی گئی ہیں۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ جلوس میں صرف مختص کردہ داخلی راستوں سے ہی داخلے کی اجازت ہوگی، جبکہ جلوس کے روٹ کے اطراف گاڑیوں کی پارکنگ پر مکمل پابندی عائد رہے گی۔
انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ سکیورٹی اور ٹریفک سے متعلق ہدایات پر عمل کریں اور جلوس کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔



