ہمارے جسم کے ٹکڑے ٹکڑے کردیے جائیں مگر بدمعاشی سے ووٹ نہیں دیں گے

جے یو آئی نے دو ٹوک اعلان کیا ہے کہ ہمارے جسم کے ٹکڑے ٹکڑے کردیے جائیں مگر بدمعاشی سے ووٹ نہیں دیں گے، ایک طرف حکومت آئین پر مذاکرات کررہی ہے تو دوسری طرف اپوزیشن کے ارکان اغوا کئے جارہے ہیں، اگر آپ مصنوعی ووٹ سے آئینی ترمیم کریں گے تو ہم عوام سے سڑکیں بھردیں گے۔ تفصیلات کے مطابق جمعیت علمائے اسلام کے رہنما مولانا عبد الغفور حیدری نے کہا ہے کہ حکومت ایک طرف مذاکرات کررہی ہے تو دوسری طرف اپوزیشن ارکان کو اغوا کیا جارہا ہے، ہمارے جسم کے ٹکڑے ٹکڑے کردیے جائیں مگر بدمعاشی سے ووٹ نہیں دیں گے۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے عبدالغفور حیدری نے کہا کہ ایک طرف حکومت آئین پر مذاکرات کررہی ہے تو دوسری طرف اپوزیشن کے ارکان اغوا کئے جارہے ہیں، ہمارے ایک سینیٹر کو اٹھا لیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی این پی مینگل کے ایک سینیٹر قاسم رونجو کو بیٹے اور سینیٹر نسیمہ احسان کے بیٹے اور خاوند کو اغوا کرلیا گیا ہے،یہ کیسی آئین سازی ہے کہ ارکان کو اغواکر کے ووٹ لینے کی کوشش کی جارہی ہے۔

عبدالغفور حیدری نے کہا کہ جنرل ایوب، ضیا جنرل اور پرویز مشرف کی آمریت کا ہم نے مقابلہ کیا ہے، ہمارے جسم کے ٹکڑے ٹکڑے کردیئے جائیں ہم ایسی بدمعاشی سے ووٹ نہیں دیں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اغوا کئے گئے ارکان کو رہا کرے اور اراکین کو رشوت کی پیش کش نہ کرے کیونکہ ایک ووٹ کی رشوت 50 کروڑ تک پہنچ چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر آپ مصنوعی ووٹ سے آئینی ترمیم کریں گے تو ہم عوام سے سڑکیں بھردیں گے۔

دوسری جانب حکمران اتحاد کی جانب سے آج ہی سینیٹ سے آئینی ترامیم منظور کروانے کا پلان ناکام ہو گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سینیٹ میں مطلوبہ نمبرز پورے نہ ہونے کی وجہ سے آئینی ترامیم کا مسودہ پیش نہیں کیا جا سکا۔ ذرائع کے مطابق حکمران اتحاد تحریک انصاف کو آئینی ترامیم کی حمایت کیلئے راضی کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ اسی باعث ایوان بالا کا اجلاس ہفتہ کی صبح 11 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔

جبکہ حکومتی پلان کے مطابق وفاقی کابینہ سے بھی آئینی ترامیم کے مسودہ کی منظوری حاصل نہ کی جا سکی۔ وزیر اعظم کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں آئینی ترامیم کے مسودہ کی منظوری نہ دی گئی جس کے بعد اجلاس کل تک کیلئے ملتوی کر دیا گیا۔ جبکہ تحریک اںصاف اور جے یو آئی نے آئینی ترامیم کے مسودے پر اتفاق کرنے کے حکومتی دعوے مسترد کر دیے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button