قائم مقام صدر نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے3ججوں کے تبادلے کی منظوری دیدی،نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)قائم مقام صدر مملکت یوسف رضا گیلانی نے وزیراعظم شہباز شریف کی سفارش پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے تین ججوں کی تبادلے کی منظوری دے دی اور وزارت قانون و انصاف نے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔قائم مقام صدر کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ آئین پاکستان کی شق 200 کی ذیلی شق ون کے تحت اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججوں کے تبادلے کے لیے وزیراعظم کی سفارش کی سمری کے پیرا 7 کی منظوری دی جاتی ہے۔وفاق وزارت قانون و انصاف نے قائم مقام صدر کی منظوری کے بعد تینوں ججوں کے تبادلے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ صدر مملکت نے جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کی سفارش پر آئین پاکستان کے آرٹیکل 200 کی ذیلی شق ون کے تحت جسٹس محسن اختر کیانی کو اسلام آباد ہائیکورٹ سے لاہور ہائیکورٹ، جسٹس بابر ستار کو اسلام آباد ہائیکورٹ سے پشاور ہائیکورٹ اور جسٹس ثمن رفعت کو اسلام آباد ہائیکورٹ سے سندھ ہائیکورٹ تبادلے کی منظوری دےدی ہے۔



