پنجاب اسمبلی نے فلم سٹی اتھارٹی بل2026کثرت رائے سے منظور کر لیا

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)پنجاب اسمبلی کے ہنگامہ خیز اجلاس میں اپوزیشن کے اعتراضات اور شور شرابے کے باوجود فلم سٹی اتھارٹی بل2026سمیت3بل کثرت رائے سے منظور کر لیئے گئے ۔پنجاب اسمبلی کا اجلاس سپیکر ملک احمد خان کی زیر صدارت ہو ا جس دوران پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے ایوان میں پنجاب ماحولیاتی تحفظ ترمیم بل2026اور فلم سٹی اتھارٹی بل2026پیش کیئے جسے ایوان میں کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا۔اپوزیشن کے رکن اعجاز شفیع نے الزام عائد کیا کہ صحت اور تعلیم کا بجٹ کاٹ کرفلم سٹی اتھارٹی پر لگایا جارہا ہے۔
مریم اورنگزیب نے بل کا دفاع کرتے ہوئے بتایا کہ صحت اور تعلیم کا بجٹ کم نہیں کیا بلکہ بڑھایا ہے۔ تعلیم کا بجٹ30ارب سے130ارب کر دیا گیا ہے،اسکول،کالجز اور تعلیم میں اس کی مثال نہیں ملتی،محکمہ صحت کا ڈویلپمنٹ بجٹ15ارب سے 100ارب پر جا چکا ہے۔سینئروزیر کی تقریر کے دوران اپوزیشن نے احتجاج کیا، نشستوں پر کھڑے ہوکر نعرے بازی کرتے رہے۔حکومت نے شورشرابے میں کثرت رائے سے فلم سٹی اتھارٹی بل، تحفظ جنگلی حیات بل 2026 اور تحفظ ماحولیات ترمیمی بل 2026 منظور کرلیے۔



