فلوریڈا میں خاتون پر مگرمچھ کا حملہ، 31 سالہ خاتون جان کی بازی ہار گئی

فلوریڈا(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی ریاست فلوریڈا کے ایک جنگلاتی علاقے میں دریا میں نہاتے ہوئے 31 سالہ خاتون مگرمچھ کے حملے میں ہلاک ہو گئی۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون اپنے ایک دوست اور سہیلی کے ساتھ پانی میں موجود تھی کہ اچانک تقریباً 3 فٹ گہرے پانی سے ایک بڑے مگرمچھ نے اس پر حملہ کر دیا۔

محکمہ جنگلات کے حکام کے مطابق مگرمچھ نے پہلے خاتون کا بازو اپنے جبڑوں میں جکڑا اور پھر اپنی مخصوص گھومنے والی حرکت کے ذریعے اسے پانی میں کھینچ لیا۔

رپورٹس کے مطابق خاتون کے دوست نے جان پر کھیل کر اسے مگرمچھ کے چنگل سے نکال لیا، تاہم ایک بازو مکمل طور پر جسم سے الگ ہو چکا تھا جبکہ دوسرا شدید زخمی تھا۔

ہنگامی امدادی ٹیموں کو فوری اطلاع دی گئی، لیکن خاتون ہسپتال منتقل کیے جانے کے دوران زیادہ خون بہہ جانے کے باعث دم توڑ گئی۔

واقعے کے بعد جنگلی حیات کے حکام نے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے 12 اور 13 فٹ لمبے دو مگرمچھ پکڑ لیے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں ایسا کوئی ثبوت نہیں ملا کہ خاتون نے مگرمچھ کو چھیڑا ہو یا اسے اشتعال دلایا ہو، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button