سندھ میں ہندو مذہبی تعلیم کی پہلی سرکاری نصابی کتب جاری

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)سندھ حکومت نے جامع، مساوی اور امتیاز سے پاک تعلیمی نظام کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت کرتے ہوئے جماعت سوم تا پنجم کے لیے ہندو مذہبی تعلیم کی پہلی سرکاری نصابی کتب جاری کر دیں۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ اسمبلی میں منعقدہ تقریب کے دوران نصابی کتب کی رونمائی کی۔ تقریب میں صوبائی وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ، وزیر ایکسائز مکیش کمار چاؤلہ، ڈاکٹر شام سندر اور رکن سندھ اسمبلی مہیش کمار ہسیجہ سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر بتایا گیا کہ یہ اقدام آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 22(1) پر عملدرآمد کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے، جس کے تحت سرکاری اسکولوں میں زیرِ تعلیم ہندو طلبہ کو اپنے مذہب کے مطابق تعلیم حاصل کرنے کے آئینی حق کو مزید مضبوط بنایا گیا ہے۔
حکام کے مطابق ہندو مذہبی تعلیم کا نصاب مختلف ماہرین، مذہبی رہنماؤں اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد تیار کیا گیا ہے۔ حکومت نے متعلقہ نصابی کتب کی جلد اسکولوں تک فراہمی اور ہندو مذہبی تعلیم پڑھانے کے لیے اساتذہ کی تقرری پر بھی زور دیا ہے۔
سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اقدام اقلیتی برادری کے تعلیمی حقوق کے تحفظ، مذہبی آزادی اور مساوی تعلیمی مواقع کی فراہمی کے عزم کا مظہر ہے، جو صوبے میں جامع اور ہمہ گیر تعلیمی نظام کے وژن کی عکاسی کرتا ہے۔



