لاہور میں غیرملکی خواتین کے مبینہ اغوا اور اجتماعی زیادتی کا کیس، 4 ملزمان گرفتار

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)لاہور کے علاقے ڈیفنس میں دو غیرملکی خواتین کے مبینہ اغوا، تشدد، اجتماعی زیادتی اور بھاری تاوان طلب کرنے کے الزام میں پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا، جبکہ چار ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق مقدمہ متاثرہ خاتون کی مدعیت میں درج کیا گیا، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ہالینڈ سے تعلق رکھنے والی سٹیفن ایڈرینا اور وینزویلا سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون اپنے دوستوں سے ملاقات کے لیے پاکستان آئی تھیں۔ ایف آئی آر کے مطابق سٹیفن ایڈرینا کی سنگاپور میں علی رضا سے ملاقات ہوئی تھی، جس کے بعد وہ 2 جون کو پاکستان پہنچی۔
ایف آئی آر میں الزام لگایا گیا ہے کہ علی رضا سمیت دیگر ملزمان نے دونوں خواتین کو مبینہ طور پر اغوا کیا، ہالینڈ سے تعلق رکھنے والی خاتون کو تشدد کا نشانہ بنایا، اس کے ساتھ اجتماعی زیادتی کی اور دونوں خواتین کی رہائی کے بدلے 15 لاکھ امریکی ڈالر تاوان طلب کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون کے والد، جو ہالینڈ میں مقیم ہیں، نے پاکستان کی ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر کال کرکے بیٹی کے مبینہ اغوا کی اطلاع دی، جس کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کیا۔
پولیس کے مطابق اب تک چار ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جبکہ دیگر نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ کیس کے تمام پہلوؤں کا غیر جانبدارانہ جائزہ لیا جا رہا ہے اور تحقیقات کے نتائج کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔



