لاہور میں سمر کیمپ کے دوران ایک اور سکول کی چھت گر گئی،ایک بچہ جاں بحق

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)کاہنہ کے المناک سانحے کے بعد لاہور کے علاقے باغبانپورہ میں ایک نجی سکول کی زیرِ تعمیر عمارت کی چھت گرنے سے 10 سالہ طالب علم جاں بحق جبکہ 4 مزدور زخمی ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب سکول میں سمر کیمپ جاری تھا اور عمارت کی توسیع کے دوران تعمیراتی کام کیا جا رہا تھا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعے کے وقت سکول میں 60 سے 65 بچے اور خواتین و مرد اساتذہ موجود تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دو منزلہ عمارت کے دوسرے فلور کا لینٹر کھولنے کے دوران چھت پہلی منزل پر آ گری، جبکہ گراؤنڈ فلور نے ملبے کا بوجھ کسی حد تک برداشت کر لیا، جس کے باعث بیشتر بچوں کو بروقت اور بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔
حادثے میں 10 سالہ ابوبکر جاں بحق ہو گیا، جبکہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ملبے تلے پھنسے مزید بچوں کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
دوسری جانب سروسز ہسپتال کی انتظامیہ کے مطابق ایک بچے کی لاش ہسپتال منتقل کی گئی، جبکہ چار زخمی مزدور بھی لائے گئے ہیں۔ ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زخمیوں کے سروں پر گہری چوٹیں اور فریکچر آئے ہیں، تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
حکام کی جانب سے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔



