آبنائے ہرمز پر امریکی جواب کا جائزہ لے رہے ہیں،ایران

تہران(جانوڈاٹ پی کے)ایرانی نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے کہا ہے کہ ایران آبنائے ہرمز کے حوالے سے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی جانب سے نیویارک میں اقوام متحدہ کے اجلاسوں کے دوران پیش کی گئی تجویز پر امریکی جواب کا بغور جائزہ لے رہا ہے۔
کاظم غریب آبادی کے مطابق ایران امریکی مؤقف کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد ہی اس معاملے پر حتمی فیصلہ کرے گا اور اس کے بعد باضابطہ جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگر اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے کوئی حتمی جواب تیار کیا گیا تو اسے مناسب اور متعلقہ سفارتی ذرائع کے ذریعے امریکا تک پہنچایا جائے گا۔
ایرانی نائب وزیر خارجہ کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی میں آبنائے ہرمز کی صورتحال اہم معاملہ بنی ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ستمبر کے اواخر میں ایران کی اس پیشکش کو مسترد کردیا تھا، جس میں سات دن کے اندر آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے کا منصوبہ پیش کیا گیا تھا۔



