پنجاب اسمبلی: اپوزیشن کے چار قائمہ کمیٹی چیئرمینوں کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب

عہدوں سے ہٹا دیا گیا

لاہور (نمائندہ خصوصی): پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن سے تعلق رکھنے والے چار قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمینوں کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کامیاب ہو گئی، جس کے بعد انہیں ان کے عہدوں سے ہٹا دیا گیا۔

میڈیا ذرائع کے مطابق جن کمیٹی چیئرمینوں کو عہدوں سے ہٹایا گیا ہے، ان میں چیئرمین لٹریسی عنصر اقبال، چیئرپرسن اسپیشل ایجوکیشن صائمہ کنول، چیئرمین کالونیز احسن علی اور چیئرمین مینجمنٹ اینڈ پروفیشنل ڈیولپمنٹ رائے مرتضیٰ شامل ہیں۔ چاروں کا تعلق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے ہے۔

اسمبلی ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریکِ عدم اعتماد منظور ہونے کے بعد متعلقہ چیئرمینوں کو ان کے عہدوں سے ہٹانے کے نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں، جب کہ اب ان کمیٹیوں کے نئے چیئرمینوں کے انتخاب کے لیے دوبارہ الیکشن کرائے جائیں گے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ دو دیگر قائمہ کمیٹی چیئرمینوں کے خلاف بھی تحریک عدم اعتماد جمع کروائی جا چکی ہے، جب کہ اپوزیشن کی باقی سات قائمہ کمیٹیوں کی چیئرمین شپ پر بھی عدم اعتماد لائے جانے کا امکان ہے۔

حکومتی حلقوں کا کہنا ہے کہ قائمہ کمیٹیوں کی سربراہی کا اختیار عددی اکثریت کے تحت ہوتا ہے اور جن چیئرمینوں نے ایوان کا اعتماد کھو دیا، انہیں عہدوں پر برقرار نہیں رکھا جا سکتا۔ اپوزیشن کی جانب سے اس پیش رفت پر سخت ردعمل متوقع ہے۔

مزید خبریں

Back to top button