کراچی میں قادر پٹیل کے دفتر پر مسلح افراد کی فائرنگ، 9 ایم ایم کے 5 خول برآمد، ملزمان کی تلاش شروع

کراچی (جانوڈاٹ پی کے)کراچی کے علاقے بوٹ بیسن میں سابق وفاقی وزیر اور رکن قومی اسمبلی قادر پٹیل کے مرکزی دفتر پر مسلح افراد نے فائرنگ کردی، تاہم واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
پولیس کے مطابق کار سوار مسلح حملہ آوروں نے قادر پٹیل کے دفتر کے دروازے کو نشانہ بناتے ہوئے متعدد گولیاں چلائیں اور فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے 9 ایم ایم پستول کے 5 خول برآمد کرلیے ہیں، جبکہ واقعے کی مزید تفتیش کے لیے اطراف میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کی جا رہی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کے واقعے کے محرکات تاحال سامنے نہیں آسکے۔ تفتیشی ٹیمیں شواہد اکٹھے کر رہی ہیں اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کی کوشش کی جا رہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے جبکہ ملزمان کا سراغ ملنے کے بعد قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔



