برطانیہ میں گرمی کا 31 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

لندن (ویب ڈیسک)برطانیہ میں رواں سال گرمی کی پانچویں لہر نے شہریوں کو شدید مشکلات سے دوچار کردیا، ملک میں 30 ڈگری سینٹی گریڈ سے زائد درجہ حرارت کے دنوں کی تعداد نے 31 سالہ ریکارڈ توڑ دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 1995 میں برطانیہ میں مجموعی طور پر 34 دن ایسے ریکارڈ کیے گئے تھے جب درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر گیا تھا، تاہم 2026 میں یہ تعداد بڑھ کر 35 دن ہوگئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کو ایسٹ اینگلیا اور ساؤتھ ایسٹ کے علاقوں میں گرمی کی شدت مزید بڑھنے کا امکان ہے، جہاں درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔

شدید گرمی کے پیش نظر ہیلتھ سکیورٹی ایجنسی نے لندن، ایسٹ مڈلینڈز، ویسٹ مڈلینڈز، یارکشائر اور ہمبر کے لیے بلیو الرٹ جاری کردیا ہے، جبکہ شہریوں کو گرمی کے اثرات سے محفوظ رہنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق برطانیہ میں شدید گرمی کے ساتھ کئی علاقوں میں خشک سالی کی صورتحال بھی برقرار ہے، جس کے باعث بعض مقامات پر جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ موجودہ گرمی کی لہر برطانیہ میں غیر معمولی گرم موسم کے بڑھتے رجحان کی جانب ایک اور اہم اشارہ ہے۔ آنے والے دنوں میں درجہ حرارت اور موسمی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button