ریاض میں صوفہ فیکٹری میں ہولناک آتشزدگی، 16 بنگلہ دیشی شہری جھلس کر جاں بحق

ریاض (ویب ڈیسک) سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے موسیٰ سنایا انڈسٹریل ایریا میں صوفہ بنانے والی فیکٹری میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں 16 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے، جاں بحق ہونے والے تمام افراد کا تعلق بنگلہ دیش سے بتایا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق آتشزدگی اتوار کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر تقریباً 2 بجے شفا پولیس اسٹیشن کی حدود میں واقع موسیٰ سنایا انڈسٹریل ایریا میں صوفہ بنانے والی فیکٹری میں لگی۔ اطلاع ملتے ہی ریاض فائر سروس کے امدادی اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور آگ بجھانے کے ساتھ امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔

ریاض میں بنگلہ دیشی سفارتخانے کے قونصلر نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد بنگلہ دیشی شہری تھے۔ بنگلہ دیش کی وزارت برائے مہاجرین کی بہبود و اوورسیز ایمپلائمنٹ کے تعلقات عامہ کے افسر نے بھی حادثے میں 16 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد میں سے 10 کا تعلق بنگلہ دیش کے ضلع نوگاؤں جبکہ 6 افراد کا تعلق نٹور کے نلڈنگا علاقے سے بتایا گیا ہے۔

مقامی عینی شاہدین کے مطابق آگ انتہائی شدید تھی، جس کے باعث متاثرین کی لاشیں بری طرح جھلس گئیں اور ان کی شناخت میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ فائر سروس اور دیگر امدادی اداروں کی جانب سے جائے وقوعہ پر ضروری کارروائیاں جاری رہیں۔

ریاض میں قائم بنگلہ دیشی سفارتخانے نے المناک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سفارتی حکام کے مطابق وہ جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور جاں بحق افراد کی شناخت، میتوں سے متعلق کارروائی اور دیگر ضروری امور کے لیے سعودی حکام کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں۔

حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے متعلقہ حکام کی جانب سے تحقیقات بھی کی جا رہی ہیں، جبکہ متاثرہ خاندانوں کو مزید معلومات اور ضروری معاونت فراہم کرنے کے لیے سفارتی سطح پر اقدامات جاری ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button