شی جن پنگ 10 سال بعد مصر پہنچ گئے

قاہرہ (ویب ڈیسک) چینی صدر شی جن پنگ 10 سال بعد مصر پہنچ گئے، جہاں مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے ان کا استقبال کیا۔ ایران جنگ کے بعد مشرقِ وسطیٰ میں سیکیورٹی صورتحال اور معاشی شراکت داریوں پر نظرثانی کے تناظر میں چینی صدر کا یہ دورہ اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
مصر اور چین کے درمیان معاشی اور دفاعی تعلقات میں حالیہ برسوں کے دوران تیزی آئی ہے۔ گزشتہ ماہ دونوں ممالک نے دوسری مشترکہ فوجی مشقیں بھی کیں، جن میں چینی جے-16 جنگی طیاروں نے پہلی مرتبہ افریقہ میں حصہ لیا۔
رائٹرز کے مطابق غزہ اور ایران کی جنگوں کے باعث امریکا کی قابلِ اعتماد سیکیورٹی شراکت دار کی حیثیت سے مصر کے خدشات میں اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد قاہرہ چین، روس اور یورپی ممالک سمیت دیگر عالمی طاقتوں کے ساتھ تعلقات مضبوط کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے۔
چینی سرمایہ کاری بھی مصر میں تیزی سے بڑھ رہی ہے، جہاں صنعت، بندرگاہوں، شمسی توانائی، گرین ہائیڈروجن اور سیٹلائٹ ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون جاری ہے۔



