کتاب انسان کی بہترین دوست، ہر دور میں رہنمائی کرتی ہے، صدر، وزیراعظم

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کتاب انسان کی بہترین دوست ہے، ہر دور میں رہنمائی میں کرتی ہے، پاکستان میں مطالعہ کے کلچر کو فروغ دینا قومی ترقی کے لیے ضروری ہے۔
عالمی یوم کتاب پر صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ کتابیں علم و آگہی کا سب سے مستند ذریعہ ہیں، مطالعہ ہی ترقی کی بنیاد ہے، عالمی یومِ کتاب ہمیں علم، شعور اور فکری بیداری کی اہمیت یاد دلاتا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کے دور میں بھی کتابوں کی اہمیت کم نہیں بلکہ پہلے سے زیادہ ہو چکی ہے، نئی نسل میں مطالعہ کی عادت کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، کتاب انسان کی بہترین دوست ہے جو ہر دور میں رہنمائی فراہم کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاشرتی مسائل کے حل کے لیے کتابوں کا مطالعہ ناگزیر ہے، گہرائی سے پڑھنے اور سوچنے والے افراد ہی مستقبل میں نمایاں ہوں گے، کتابیں خود آگاہی، کردار سازی اور مثبت سوچ کو فروغ دیتی ہیں۔
عالمی یوم کتب پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج یونیسکو کی طرف سے مختص کردہ عالمی یوم کتب پر میں پاکستان اور دنیا بھر کے قارئین، مصنفین،ادیب ناشرین، اساتذہ اورطالب علم کو انکی کتابوں سے لگاو اور مطالعہ سے رغبت پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
وزیراعظم نے کہا کہ آج بالخصوص پاکستان کے ادباء اور اساتذہ کی قومی فکری ارتقاء میں تعمیری کردار اور ان کی بیش قدر خدمات پر خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، کتابیں صدیوں سے علم و دانائی اور رہنمائی کا ایک لازوال ذریعہ رہی ہیں۔ کتابوں کی دائمی اہمیت اور مطالعہ کی انقلابی قوت کا ادراک یقیناً باشعور ذہن کا عکاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ کتابیں نئی سوچ، مختلف نقطہ نظر اور ثقافتوں سے متعارف کرواتی ہیں اور ذہنی افق اور فہم کو وسعت دیتی ہیں، کتابیں باشعور ذہن کی تشکیل، تنقیدی سوچ کے فروغ کے ساتھ ساتھ ہمدردی، امن و برداشت جیسے اوصاف کی ترویج کا بھی ذریعہ ہیں۔یہی مثبت اوصاف ایک پرامن، اور ترقی یافتہ معاشرے کی بیناد کو مضبوط کرتےہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل ترقی کے دور میں ڈیجیٹل ذرائع سے معلومات تک رسائی میں آسانی سے کتب اور مطالعہ کی اہمیت اور بھی اجاگر ہو گئی ہے۔مطالعہ کی عادت فکری نشوونما، تخلیقی صلاحیت اور باخبر شہری بننے کے لیے بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی شاندار ادبی روایات، علمی ورثہ اور علم و دانش، قومی ترقی کے بنیادی ستون ہیں۔کلاسیکی علوم سے لے کر جدید ادب تک، ہمارے ادیب اور دانشوروں نے گراں قدر خدمات سر انجام دی ہیں جو آج بھی نئی نسل کے لیے مشعل راہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل میں مطالعہ کے رحجان کو فروغ دینا اور معیاری کتب تک رسائی کو یقینی بنانا نہایت ضروری ہے تاکہ ان کی بطور باشعور اور ذمہ دار شہری کے تربیت کی جا سکے۔



