سرکاری اداروں میں گورننس بہتر بنانے کے لیے 3 روزہ تربیتی پروگرام مکمل

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)نیشنل اسکول آف پبلک پالیسی کے ایگزیکٹو ڈویلپمنٹ انسٹی ٹیوٹ (EDI) لاہور میں 3 روزہ ڈائریکٹرز ٹریننگ پروگرام (DTP) برائے ریاستی ملکیت والے ادارے (SOEs) کا چوتھا کورس مکمل ہو گیا۔

یہ پروگرام سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے تعاون سے منعقد کیا گیا، جس میں ملک بھر سے 17 شرکاء نے شرکت کی۔ شرکاء میں وفاقی و صوبائی حکومتوں کے افسران، سرکاری اداروں اور نجی شعبے کے ایگزیکٹوز شامل تھے۔

افتتاحی سیشن میں ریکٹر NSPP نے کارپوریٹ گورننس کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شفافیت اور احتساب مضبوط اداروں کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام SOEs میں جدید حکمرانی کے اصولوں کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم قدم ہے۔

ڈین EDI نے پروگرام کا تعارف کرواتے ہوئے کہا کہ تربیت کا مقصد ادارہ جاتی کارکردگی بہتر بنانا، قانونی ذمہ داریوں، رسک مینجمنٹ اور اخلاقی گورننس کو مضبوط کرنا ہے۔ پروگرام میں کیس اسٹڈیز اور عملی تربیت بھی شامل تھی۔

ممتاز ماہرین میں ڈاکٹر عشرت حسین، طارق باجوہ اور دیگر معروف شخصیات نے لیکچرز دیے اور ادارہ جاتی اصلاحات، مالیاتی نظم و نسق اور حکومتی کردار پر روشنی ڈالی۔

اختتامی تقریب میں شرکاء میں اسناد تقسیم کی گئیں اور پروگرام کو پاکستان میں گورننس کی بہتری کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا گیا۔

مزید خبریں

Back to top button