سابق شوہر اور سسر سے جان کا خطرہ ہے: شادی شدہ خاتون کا والد کے ہمراہ احتجاج، تحفظ کا مطالبہ

تھرپارکر (رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) نئون کوٹ کے قریب گاؤں یوسف چانڈیو کی رہائشی ایک شادی شدہ خاتون نے اپنے والد کے ہمراہ سابق شوہر، سسر اور دیگر رشتہ داروں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ انہیں مسلسل ہراساں کیا جا رہا ہے اور ان کی جان کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔ احتجاج کے دوران خاتون نے بتایا کہ اس کے سابق شوہر دلدار چانڈیو نے رمضان المبارک کی عید کے دوران اسے طلاق دے کر والد کے گھر بھیج دیا تھا۔ خاتون کا کہنا تھا کہ اب اس کا سابق شوہر، سسر اور ان کے ساتھی اسے قتل کرنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں، جس کے باعث وہ شدید خوف و ہراس کی زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔ خاتون کے والد بخش چانڈیو نے بتایا کہ انہوں نے اپنی بیٹی کی شادی اپنے بھتیجے دلدار چانڈیو سے کی تھی، تاہم بعد ازاں اسے طلاق دے دی گئی۔ ان کے مطابق یہ معاملہ سول کورٹ ڈگھڑی میں بھی زیرِ سماعت رہ چکا ہے، اس کے باوجود ملزمان انہیں مسلسل تنگ کر رہے ہیں اور ان کی بیٹی کی جان کو شدید خطرہ لاحق ہے۔ متاثرہ خاندان نے ایم پی اے میر طارق ٹالپر، آئی جی سندھ، ڈی آئی جی میرپورخاص، ایس ایس پی میرپورخاص، ایس ایچ او نئون کوٹ اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لے کر انہیں تحفظ فراہم کیا جائے اور قانون کے مطابق انصاف مہیا کیا جائے۔



