مٹھی اوراسلام کوٹ میں نئی وائن شاپس کے خلاف احتجاج،فوری بندش کامطالبہ

تھرپارکر (رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) ضلع تھرپارکر کے ضلعی ہیڈکوارٹر مٹھی اور اسلام کوٹ میں نئی وائن شاپس (شراب خانوں) کے قیام اور منظوری کے خلاف جمعہ کی نماز کے بعد مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

مٹھی میں جامعہ نظامیہ مدرسہ نزد بکرا منڈی سے جماعت اہل سنت (بریلوی) کے علماء کرام، جن میں مولانا مفتی علی نواز جھاگورو، مولانا نواز قادری بجیر اور پاکستان مرکزی مسلم لیگ تھرپارکر کے مقامی رہنما شامل تھے، کی قیادت میں مٹھی بس ٹرمینل کے قریب مجوزہ نئی وائن شاپ کے قیام کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ مذہبی رہنماؤں نے نئی وائن شاپ کے قیام کی مخالفت کرتے ہوئے عوام سے احتجاج میں شرکت کی اپیل کی، جس پر مقامی افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

دوسری جانب اسلام کوٹ میں نمازِ جمعہ کے بعد مقامی سماجی، مذہبی اور عوامی حلقوں کی جانب سے اسلام کوٹ پریس کلب کے سامنے گرڈ اسٹیشن کے قریب قائم نئی اور پرانی وائن شاپس کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

مظاہرے کی قیادت ایوب علی بجیر نے کی جبکہ بڑی تعداد میں کارکنان نے شرکت کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر وائن شاپس کی بندش کے حق میں نعرے درج تھے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ نئی قائم ہونے والی وائن شاپ کے ساتھ پہلے سے موجود وائن شاپ کو بھی فوری طور پر بند کیا جائے، کیونکہ یہ نوجوان نسل اور معاشرتی اقدار پر منفی اثرات مرتب کر رہی ہیں۔

مظاہرین نے اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کرتے ہوئے انتظامیہ سے وائن شاپس کی فوری بندش کا مطالبہ کیا۔ احتجاج پرامن رہا اور بعد ازاں شرکاء منتشر ہو گئے۔

مزید خبریں

Back to top button