لاہور سمیت پنجاب میں بارشوں کا نیا سلسلہ، آندھی، ژالہ باری اور موسلا دھار بارش کی پیشگوئی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) محکمہ موسمیات نے آج سے 5 جون تک لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں آندھی، گرج چمک اور وقفے وقفے سے بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ آج سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو رہا ہے، جس کے اثرات کے باعث پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ لاہور میں آج کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ پنجاب کے بعض علاقوں میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے، جس سے فصلوں، کمزور تعمیرات اور بجلی کے نظام کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب بلوچستان اور سندھ میں موسم شدید گرم اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں شدید گرمی کے باعث گلیشیائی جھیلیں پھٹنے اور سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خطرہ موجود ہے۔
پی ڈی ایم اے نے چترال، دیر، سوات، کوہستان اور مانسہرہ کے لیے الرٹ جاری کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔



