مراد واہ نہر میں پانی کی مبینہ غیر منصفانہ تقسیم، آبادگاروں کا ماتلی۔حیدرآباد بائی پاس پر دھرنا، ٹریفک کئی گھنٹے معطل

ماتلی (جانوڈاٹ پی کے) ماتلی تعلقہ سے گزرنے والی مراد واہ نہر میں مبینہ طور پر پانی کی غیر منصفانہ تقسیم کے خلاف سینکڑوں آبادگاروں اور پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے ماتلی۔حیدرآباد بائی پاس روڈ پر دھرنا دے کر شدید احتجاج کیا، جس کے باعث دونوں اطراف ٹریفک کئی گھنٹوں تک معطل رہی۔
احتجاج کے نتیجے میں حیدرآباد، ماتلی، بدین، ٹنڈو باگو، تلہار، ڈگری اور دیگر شہروں کے درمیان آمدورفت متاثر ہوئی، جبکہ سڑک پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔
شدید گرمی اور حبس کے باعث ٹریفک میں پھنسے مسافروں، خصوصاً خواتین، بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور متعدد مسافر طویل انتظار کے باعث پریشان رہے۔
مظاہرین نے آبپاشی حکام کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ مراد واہ کے آبادگاروں کو ان کے حصے کا زرعی پانی فوری فراہم کیا جائے۔
اس موقع پر آبادگار غلام حیدرالدین کمبوہ، علی غلام کھوسو، محرم دستی، امیر احمد شیخ اور دیگر نے الزام عائد کیا کہ آبپاشی عملہ آپریشن کے نام پر مراد واہ کے آبادگاروں کے واٹر کورس بند کر رہا ہے، جبکہ نہر کے آخری حصے کے بعض آبادگاروں کو مبینہ طور پر رشوت کے عوض پانی فراہم کیا جا رہا ہے، جس سے مراد واہ کے کاشتکار شدید متاثر ہو رہے ہیں۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ جب تک مقامی ایس ڈی او آبپاشی کو ہٹایا نہیں جاتا اور پانی کی منصفانہ تقسیم یقینی نہیں بنائی جاتی، اس وقت تک دھرنا اور احتجاج جاری رہے گا۔



