شیخوپورہ: تھیٹر اداکارہ پر تشدد کرنے والا ملزم گرفتار، عظمیٰ بخاری نے ملزم کی تصویر شیئر کردی


لاہور(جانوڈاٹ پی کے) شیخوپورہ کے ایک مقامی تھیٹر میں دورانِ ڈرامہ اسٹیج اداکارہ پر مبینہ تشدد کرنے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔ وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے ملزم راجہ زین کی تصویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے واقعے کی مذمت کی۔
عظمیٰ بخاری کے مطابق گلستان تھیٹر شیخوپورہ میں پیش آنے والے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور ملزم کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تھیٹرز میں فنکاروں کی حفاظت اور سکیورٹی یقینی بنانا تھیٹر مالکان کی ذمہ داری ہے، جبکہ ایسے واقعات کسی صورت قابلِ برداشت نہیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے واضح کیا کہ خواتین کی تضحیک، ہراسانی یا بدسلوکی کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ملزم راجہ زین نے قبل از گرفتاری ضمانت حاصل کر رکھی ہے، تاہم اس کی ضمانت منسوخ کرانے کے لیے قانونی کارروائی جاری ہے۔