امریکا کا ایران پر مزید حملوں کا دعویٰ، 90 اہداف نشانہ بنانے کا اعلان، بحرین اور کویت میں خطرے کے سائرن

واشنگٹن، تہران(ویب ڈیسک) امریکہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی افواج نے ایران میں نئی کارروائی کے دوران تقریباً 90 اہداف کو نشانہ بنایا ہے، جبکہ خطے میں بڑھتی کشیدگی کے باعث بحرین اور کویت میں خطرے کے سائرن بھی بجائے گئے ہیں۔
امریکی فوج کے مطابق حملوں کے تازہ مرحلے کا مقصد ایران کی آبنائے ہرمز میں تجارتی جہاز رانی اور شہری ملاحوں کو نشانہ بنانے کی صلاحیت کو کمزور کرنا ہے۔ امریکی سینٹرل کمانڈ نے کہا کہ کارروائی میں ایرانی فضائی دفاعی نظام، ساحلی نگرانی کے مراکز، میزائل و ڈرون ذخیرہ گاہوں، بحری صلاحیتوں اور ساحلی علاقوں میں موجود فوجی لاجسٹک تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔
دوسری جانب امریکی حملوں کے چند گھنٹے بعد کویتی فوج نے اعلان کیا کہ ملک کا فضائی دفاعی نظام دشمن کے میزائل اور ڈرون حملوں کا سامنا کر رہا ہے۔ کویتی حکام نے شہریوں کو یقین دہانی کرائی کہ دھماکوں کی آوازیں فضائی دفاعی نظام کی جانب سے ممکنہ خطرات کو ناکام بنانے کی کارروائیوں کا نتیجہ ہو سکتی ہیں۔
بحرین کی وزارت داخلہ نے بھی ملک میں خطرے کے سائرن بجائے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ پرسکون رہیں اور ضرورت پڑنے پر قریبی محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔
اس سے قبل امریکی فوج نے ایران میں 80 سے زائد اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا، جبکہ ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق بوشہر، بندر عباس اور ابو موسیٰ جزیرے سمیت متعدد مقامات پر حملے کیے گئے۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ایران کے خلاف کارروائیوں کا مقصد آبنائے ہرمز میں بحری سرگرمیوں اور ممکنہ حملوں کی صلاحیت کو محدود کرنا ہے، تاہم خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کے خدشات برقرار ہیں۔



