ٹیرف اور تجارتی جنگوں میں کوئی فاتح نہیں ہوتا، چینی نے امریکی الزام مسترد کردیا

واشنگٹن: واشنگٹن ڈی سی میں چینی سفارتخانے نے امریکی ٹیرف اور چین پر مبینہ تجارتی دھوکا دہی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیرف اور تجارتی جنگیں کسی کے لیے فتح کا باعث نہیں بنتیں۔

چینی سفارتخانے کے ترجمان نے کہا کہ ترسیل کردہ اشیا سے متعلق یکطرفہ اقدامات یا معاہدوں کے ذریعے تیسرے فریق کے مفادات کو نقصان نہیں پہنچانا چاہیے۔ بیجنگ چینی مصنوعات کو دبانے کے لیے قومی سلامتی کا جواز استعمال کرنے اور یکطرفہ ٹیرف عائد کرنے کی مخالفت کرتا ہے۔

چینی حکام نے خبردار کیا کہ اگر ضرورت پڑی تو چین اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کرے گا۔

دوسری جانب چینی حکام اور ماہرین نے امریکا کے اس الزام کو بھی مسترد کردیا ہے کہ چینی کمپنیاں تیسرے ممالک کے ذریعے مصنوعات کی ترسیل کرکے امریکی ٹیرف سے بچ رہی ہیں۔

چینی مؤقف کے مطابق اگر کمپنیاں اپنی پیداوار اور سپلائی ذرائع کو مختلف ممالک میں منتقل یا متنوع بناتی ہیں تو یہ عالمی سپلائی چین میں ایک معمول کی تبدیلی ہے، اسے محض ٹیرف سے بچنے کی کوشش قرار دینا درست نہیں۔

امریکی وائٹ ہاؤس نے حالیہ رپورٹ میں 40 سے زائد ممالک کے ذریعے چینی مصنوعات کی مبینہ ٹرانس شپمنٹ اور ٹیرف سے بچنے کے الزامات عائد کیے تھے، جس کے بعد واشنگٹن اور بیجنگ کے درمیان تجارتی کشیدگی ایک بار پھر نمایاں ہوگئی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button