پاکستان کا سلامتی کونسل میں دوٹوک مؤقف، لبنان پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان نے لبنان پر اسرائیلی حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے انہیں بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے اصولوں کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن اور استحکام کا حصول صرف مذاکرات، سفارت کاری اور بات چیت کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

انہوں نے لبنان کی حکومت اور عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن کے فروغ کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔

عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ لبنان میں شہریوں اور عام لوگوں کو نشانہ بنائے جانے کے واقعات انتہائی تشویشناک ہیں، جبکہ اسرائیلی حملے خطے میں جاری امن و استحکام کی کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

پاکستانی مندوب نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے خاتمے اور بین الاقوامی قوانین کے احترام کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔

مزید خبریں

Back to top button