یونیورسٹی آف اوکاڑہ میں جدید آٹومیٹک ویدر اسٹیشن نصب کرنے کا فیصلہ، محکمہ موسمیات اور ورلڈ بینک سے معاہدہ

اوکاڑہ (رپورٹ: وحید آرائیں/جانو ڈاٹ پی کے) یونیورسٹی آف اوکاڑہ قومی موسمیاتی نگرانی کے جدید نیٹ ورک کا حصہ بن گئی، ورلڈ بینک کے تعاون سے یونیورسٹی میں جدید آٹومیٹک ویدر اسٹیشن نصب کرنے کے لیے محکمہ موسمیات اور یونیورسٹی آف اوکاڑہ کے درمیان مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط ہوگئے۔
ایم او یو پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف اوکاڑہ پروفیسر ڈاکٹر سجاد مبین اور ڈائریکٹر محکمہ موسمیات پنجاب عبدالعزیز نے ورلڈ بینک کے ڈائریکٹر اور دیگر افسران کی موجودگی میں دستخط کیے۔
حکام کے مطابق آٹومیٹک ویدر اسٹیشن کے ذریعے حقیقی وقت میں موسم، بارش، نمی اور ہوا کی رفتار سے متعلق ڈیٹا دستیاب ہوگا، جس سے طلبہ اور محققین کو جدید موسمیاتی تحقیق کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔
جدید موسمیاتی ڈیٹا کی دستیابی سے موسم کی پیش گوئی، سائنسی تحقیق اور قدرتی آفات سے نمٹنے کی صلاحیت میں بھی اضافہ ہوگا، جبکہ طلبہ اسمارٹ فونز کے ذریعے بھی حقیقی وقت کا موسمیاتی ڈیٹا حاصل کرسکیں گے۔
محکمہ موسمیات اور ورلڈ بینک کے ڈائریکٹر سمیت دیگر افسران نے یونیورسٹی آف اوکاڑہ کا دورہ بھی کیا، جہاں آٹومیٹک ویدر اسٹیشن کی تنصیب کے لیے منصوبے کی جگہ کا جائزہ لے کر اسے حتمی شکل دے دی گئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ موسمیاتی تحقیق اور پائیدار ترقی کی جانب اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔ آٹومیٹک ویدر اسٹیشن سے یونیورسٹی میں موسمیاتی سائنس، زراعت اور کلائمیٹ چینج سے متعلق تحقیق کو نئی تقویت ملے گی۔
اس موقع پر ورلڈ بینک کے ڈائریکٹر اور دیگر افسران کے علاوہ ڈسٹرکٹ آفیسر محکمہ موسمیات اعجاز حسین بزمی بھی موجود تھے۔



