عمرہ زائرین کی تعداد میں 22.5 فیصد اضافہ، پاکستان پہلے نمبر پر آگیا

مکہ مکرمہ(جانوڈاٹ پی کے) سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے اعلان کیا ہے کہ رواں عمرہ سیزن کے آغاز سے اب تک عمرہ زائرین کی تعداد میں 22.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ مختلف ممالک سے آنے والے معتمرین میں پاکستان پہلے نمبر پر رہا ہے۔
وزارتِ حج و عمرہ کے مطابق رواں سال حج کے اختتام کے بعد 15 ذوالحج 1448 ہجری سے عمرہ سیزن کا باضابطہ آغاز ہوا۔ سیزن کے پہلے ڈیڑھ ماہ، یعنی 29 محرم 1448 ہجری تک 9 لاکھ سے زائد زائرین عمرہ کی سعادت حاصل کر چکے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان سے تقریباً 2 لاکھ افراد عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب پہنچے، جو تمام ممالک میں سب سے زیادہ تعداد ہے۔ اس کے بعد انڈونیشیا سے تقریباً 1 لاکھ 70 ہزار اور عراق سے 1 لاکھ 30 ہزار معتمرین سعودی عرب پہنچے۔
سعودی حکام کے مطابق عمرہ ویزوں کا اجرا 31 مئی 2026 سے شروع کیا گیا تھا۔ عمرہ ویزے جاری کرنے کی آخری تاریخ یکم شوال 1448 ہجری (9 مارچ 2027) مقرر کی گئی ہے، جبکہ معتمرین کے سعودی عرب میں داخلے کی آخری تاریخ 15 شوال 1448 ہجری (23 مارچ 2027) ہوگی۔
وزارتِ حج و عمرہ نے مزید بتایا کہ عمرہ زائرین کی سعودی عرب سے واپسی کی آخری تاریخ 30 شوال 1448 ہجری (7 اپریل 2027) مقرر کی گئی ہے۔ وزارت نے تمام معتمرین کو ہدایت کی ہے کہ وہ بروقت رجسٹریشن، ویزہ اور دیگر سفری دستاویزات مکمل رکھیں تاکہ سفر اور عمرہ کی ادائیگی کے دوران کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
دوسری جانب پاکستان میں آئندہ حج کے لیے رجسٹریشن کا عمل بھی جاری ہے۔ وزارتِ مذہبی امور کے مطابق اب تک 3 لاکھ 40 ہزار سے زائد افراد آن لائن رجسٹریشن کرا چکے ہیں، جن میں 2 لاکھ 46 ہزار نے سرکاری حج اسکیم جبکہ 94 ہزار افراد نے نجی حج اسکیم کا انتخاب کیا ہے۔
وزارتِ مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق حج اخراجات کی آن لائن وصولی کا شیڈول جلد جاری کیا جائے گا، جبکہ رجسٹرڈ عازمین کو مزید معلومات اور رہنمائی کے لیے پاک حج ایپ اور وزارتِ مذہبی امور کی حج ہیلپ لائنز سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔



