یوکرین کے روس پر رات بھر 379 ڈرون حملے، 8 افراد ہلاک، 86 زخمی

ماسکو(مانیٹرنگ ڈیسک) روسی وزارتِ دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ یوکرین نے روس کے مختلف علاقوں پر بڑے پیمانے پر ڈرون حملے کیے، جنہیں روسی فضائی دفاعی نظام نے ناکام بناتے ہوئے 379 ڈرونز مار گرائے۔ روسی حکام کے مطابق ان حملوں میں 8 افراد ہلاک جبکہ 86 افراد زخمی ہوئے۔

روسی وزارت دفاع کے مطابق تباہ کیے گئے ڈرونز بیلگورود، بریانسک، کرسک، اسمولینسک، ریازان، کالوگا، تولا، تامبوف، اوریول، لیپیتسک، تویر، پسکوف، وورونژ، روستوف، وولگوگراد، لینن گراڈ، ولادیمیر، ماسکو ریجن، کراسنودار، جمہوریہ کریمیا سمیت بحیرہ آزوف اور بحیرہ اسود کے اوپر مار گرائے گئے۔

ماسکو کے میئر سرگئی سوبیانن نے کہا کہ رات بھر تقریباً 370 ڈرون ماسکو ریجن کی جانب بڑھ رہے تھے، جنہیں فضائی دفاعی نظام نے راستے میں تباہ کر دیا۔

روسی حکام کے مطابق تامبوف ریجن میں یوکرینی ڈرون حملے کے نتیجے میں وائلڈ بیریز کے لاجسٹکس مرکز کو نشانہ بنایا گیا، جہاں ابتدائی طور پر 7 افراد ہلاک اور 25 زخمی ہوئے۔ ریجن کے قائم مقام گورنر یفگینی پیرویشوف کے مطابق زخمیوں میں سے 22 اسپتالوں میں زیر علاج ہیں، جبکہ 8 کی حالت تشویشناک بتائی گئی۔ بعد ازاں ایک زخمی کے اسپتال میں دم توڑنے کے بعد مجموعی ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوا۔

حکام کے مطابق حملے کے بعد گودام میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا، جبکہ ہلاک ہونے والوں میں چار مرد اور تین خواتین شامل تھیں، اور زخمیوں میں 16 مرد اور 9 خواتین شامل ہیں۔

ماسکو ریجن کے شہروں نوگنسک اور الیکٹروسٹال میں بھی ڈرون حملوں کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ گورنر آندرے وروبیوف کے مطابق نوگنسک میں تیل ذخیرہ کرنے کے ایک مرکز میں آگ لگ گئی، جبکہ احتیاطی اقدام کے طور پر قریبی زچگی اسپتال سے 22 خواتین اور 7 بچوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔

الیکٹروسٹال میں بھی وائلڈ بیریز کے ایک گودام پر ڈرون گرنے سے آگ بھڑک اٹھی، جس پر بعد ازاں قابو پا لیا گیا۔

روسی تحقیقاتی کمیٹی نے تامبوف اور ماسکو ریجن میں لاجسٹکس مراکز پر ہونے والے حملوں کے بعد دہشت گردی کے مقدمات درج کر لیے ہیں۔

روسی وزارت خارجہ کے خصوصی سفیر رودیون میروشینک نے الزام عائد کیا کہ تامبوف میں لاجسٹکس مرکز کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا گیا، جبکہ روسی انسانی حقوق کی کمشنر یانا لانتراتوا نے ان حملوں کو شہری آبادی کے خلاف دہشت گردی اور جنگی جرائم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر اقوام متحدہ کے متعلقہ اداروں سے رابطہ کیا گیا ہے۔

مزید برآں روستوف ریجن میں تقریباً 30 ڈرون مار گرانے کا دعویٰ کیا گیا، جبکہ کرسک ریجن میں ایک توانائی کے مرکز پر حملے کے باعث 46 ہزار سے زائد صارفین کی بجلی منقطع ہو گئی۔ ولادیمیر ریجن میں ایک رہائشی عمارت پر ڈرون گرنے سے آگ لگ گئی، تاہم وہاں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

روسی وزارت دفاع کے مطابق متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور نقصانات کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button