بحرالکاہل میں بیک وقت 3 طاقتور طوفان، چین، تائیوان اور جاپان کیلئے خطرے کی گھنٹی بج گئی

ٹوکیو(ویب ڈیسک) بحرالکاہل کے خطے میں غیر معمولی موسمی صورتحال پیدا ہوگئی جہاں بیک وقت تین طاقتور طوفان سرگرم ہیں، جس کے باعث چین، تائیوان اور جاپان کے مختلف علاقوں میں شدید بارش، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

جنوبی بحیرہ چین اور شمال مغربی بحرالکاہل میں موجود موسمی نظام کے پیش نظر چین کے محکمہ موسمیات نے شدید بارشوں اور سمندری طوفانوں کے ممکنہ خطرے پر لیول فور ہنگامی الرٹ جاری کردیا۔

حکام نے ساحلی علاقوں کے رہائشیوں کو محتاط رہنے، سمندری سرگرمیوں سے گریز کرنے اور موسمی صورتحال پر مسلسل نظر رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

موجودہ موسمی نظام میں گینیری، نارا اور سوڈیل نامی تین طوفان شامل ہیں۔ ماہرین کے مطابق سوڈیل خاص طور پر تشویش کا باعث ہے کیونکہ اس کے راستے میں سمندر کا درجہ حرارت معمول سے زیادہ ہے، جو طوفان کی شدت میں تیزی سے اضافہ کرسکتا ہے۔

ماہرین نے سوڈیل کے سپر ٹائیفون میں تبدیل ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گینیری طوفان تائپے سے تقریباً 320 کلومیٹر دور موجود ہے اور اس کے شمال مغربی سمت میں بڑھنے کا امکان ہے، جبکہ نارا طوفان چین کے جنوبی علاقوں کے لیے خطرہ بن گیا ہے۔

گوانگشی، ہینان اور گوانگ ڈونگ سمیت مختلف علاقوں میں شدید سے انتہائی شدید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

دوسری جانب امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ سوڈیل ریوکیو جزائر سے گزرنے کے بعد مشرقی بحیرہ چین کی جانب بڑھے گا۔ سمندری درجہ حرارت معمول سے زیادہ ہونے کے باعث طوفان کی شدت میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق رواں سال طوفانی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ جنوری سے اب تک 20 طوفان بن چکے ہیں، جبکہ اس عرصے میں اوسطاً 13 سے 14 طوفان بنتے ہیں۔

تینوں طوفانوں اور جنوب مغربی مانسون کے مشترکہ اثرات کے باعث چین، تائیوان اور جاپان کے مختلف علاقوں میں شدید بارش، سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور مٹی کے تودے گرنے کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔

حکام نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر ساحلی علاقوں کا رخ نہ کرنے، سفر میں احتیاط برتنے اور فضائی و زمینی نقل و حمل میں ممکنہ رکاوٹوں کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button