آبنائے ہرمز اب’’ٹرمپ اسٹریٹ‘‘؟امریکی صدرنےہلچل مچادی

واشنگٹن (جانو ڈاٹ پی کے) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جاری جنگ کے دوران ایک حیران کن اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا اب آبنائے ہرمز کو ’ٹرمپ اسٹریٹ‘ کے نام سے پکارے گا، جبکہ امریکی صدر نے ایران کے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل کرنے کا دعویٰ بھی کردیا۔
خبر رساں ادارے انادولو کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹیکساس کے شہر ڈلاس میں ریپبلکن پارٹی کے مڈٹرم کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکا ایران کے ساتھ جاری جنگ جیت رہا ہے اور جنگ کے خاتمے کے بعد عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں بھی کمی آئے گی۔
امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ امریکا آبنائے ہرمز میں ہونے والی تجارت کو کنٹرول کررہا ہے۔ اسی تناظر میں انہوں نے کہا کہ دنیا کی اہم ترین سمندری گزرگاہوں میں شامل آبنائے ہرمز کا نام تبدیل کرکے ’ٹرمپ اسٹریٹ‘ رکھا جانا چاہیے اور اس حوالے سے جلد اعلان کیا جائے گا۔
ٹرمپ نے طنزیہ انداز میں یہ بھی کہا کہ انہیں توقع ہے کہ ایران کی قیادت بھی آبنائے ہرمز کے نئے نام سے خوش ہوگی۔
امریکی صدر کے اس بیان نے پہلے سے کشیدہ ایران امریکا تعلقات میں ایک نیا سیاسی اور طنزیہ رنگ پیدا کردیا ہے۔ آبنائے ہرمز کا نام تبدیل کرنے کی تجویز پر عالمی سطح پر بھی خاصی توجہ مرکوز ہوگئی ہے۔
آبنائے ہرمز عالمی توانائی کی تجارت کے لیے انتہائی اہم سمندری گزرگاہ ہے اور یہاں پیدا ہونے والی کشیدگی عالمی تیل کی قیمتوں اور سمندری تجارت کو براہ راست متاثر کرسکتی ہے۔
حالیہ جنگ کے دوران آبنائے ہرمز کے حوالے سے بڑھتی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں 100 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کرچکی ہیں۔
ٹرمپ کا کہنا ہے کہ جنگ کے خاتمے کے بعد تیل کی قیمتوں میں کمی آئے گی، تاہم خطے کی کشیدہ صورتحال اور آبنائے ہرمز سے متعلق امریکی صدر کے تازہ بیان نے عالمی توانائی منڈی میں نئی تشویش کو جنم دیا ہے۔



