ٹرمپ کی امریکی حکومت کو نجی کمپنیوں کی سائبر صلاحیتیں استعمال کرنے کی اجازت

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک قومی سلامتی میمورنڈم پردستخط کیے ہیں، جس کے تحت امریکی حکومت کو مجرمانہ گروہوں اور غیر ملکی مخالفین کے خلاف سائبر کارروائیوں میں نجی امریکی کمپنیوں کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کی اجازت ہوگی۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق نیشنل سکیورٹی پریزیڈینشل میمورنڈم کے تحت حکومت سائبر آپریشنز کے لیے منتخب اور قابلِ اعتماد امریکی کمپنیوں کے ساتھ شراکت داری کرے گی۔ تاہم، یہ کارروائیاں امریکی حکومت کی ہدایات، نگرانی اور اختیار کے تحت ہوں گی۔
میمورنڈم میں کہا گیا کہ امریکی نجی شعبہ دنیا کا جدید ترین اور ٹیکنالوجی کے اعتبار سے سب سے زیادہ جدت پسند شعبہ ہے، جس کی رفتار اور صلاحیتیں امریکا کو جارحانہ سائبر کارروائیوں میں اہم برتری فراہم کرسکتی ہیں۔
وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری فیکٹ شیٹ میں رینسم ویئر حملوں، مالی فراڈ اور امریکی شہریوں کو نشانہ بنانے والے دیگر جرائم کا حوالہ دیا گیا ہے۔ ان جرائم میں ملوث غیر ملکی گروہوں کو میمورنڈم میں ٹرانس نیشنل کرمنل آرگنائزیشنز قرار دیا گیا ہے۔
امریکی انتظامیہ کے مطابق نجی شعبے کے ساتھ تعاون کا مقصد ٹرانس نیشنل جرائم، سائبر فراڈ اور دیگر منظم جرائم کے خلاف امریکی حکومت کی کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانا ہے۔



