پی آئی اے کا کارنامہ، ملتان کے حجاج کو جدہ چھوڑ کر روانہ، مسافروں کا احتجاج

ملتان(جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک) جدہ سے ملتان آنے والے متعدد حجاج کرام نے قومی ایئرلائن پی آئی اے کے خلاف شدید احتجاج کیا ہے۔ مسافروں کا دعویٰ ہے کہ کنفرم ٹکٹ ہونے کے باوجود انہیں پرواز میں سوار نہیں ہونے دیا گیا اور طیارہ ان کے بغیر ہی روانہ ہو گیا۔
حجاج کرام کے مطابق ان کے پاس جدہ سے ملتان جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 846 کی تصدیق شدہ ٹکٹیں موجود تھیں اور وہ مقررہ وقت سے تقریباً دو گھنٹے قبل ایئرپورٹ پہنچ گئے تھے۔
مسافروں کا کہنا ہے کہ بورڈنگ کے عمل کے دوران انہیں اچانک روک دیا گیا اور بعد ازاں پرواز ان کے بغیر روانہ کر دی گئی۔ احتجاج کرنے والوں میں خواتین حجاج بھی شامل تھیں، جنہوں نے انتظامات پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔
متاثرہ حجاج نے کہا کہ وہ جدہ ایئرپورٹ پر بے یار و مددگار کھڑے رہے جبکہ انہیں متبادل انتظامات یا واضح معلومات بھی فراہم نہیں کی گئیں۔
واقعے کے بعد جدہ ایئرپورٹ پر احتجاج دیکھنے میں آیا، جبکہ متاثرہ مسافروں نے مطالبہ کیا کہ انہیں جلد از جلد وطن واپسی کے لیے متبادل پرواز فراہم کی جائے اور معاملے کی شفاف تحقیقات کی جائیں۔
تاحال اس معاملے پر پی آئی اے کی جانب سے باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔



