پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے پر ٹرانسپورٹرز کا ملک گیر ہڑتال کا انتباہ

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان نے وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس تبدیلی کو مسترد کردیا اور اعلان کیا ہے کسی بھی وقت ملک گیر ہڑتال کی کال دی جائے گی۔

پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ وفاقی حکومت کے روزانہ کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تبدیلی کے فیصلے کو مسترد کرتے ہیں اور اس حوالے سے پاکستان بھر کی ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشنز سے مشاورت جاری ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ وفاقی حکومت کی غلط پالیسیوں کے خلاف بہت جلد ملک گیر ہڑتال کا اعلان کریں گے، پاکستان بھر کے ٹرانسپورٹرز تیار رہیں، کسی بھی وقت ملک گیر ہڑتال کی کال دی جائے گی۔

صدر گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے کہا کہ وفاقی حکومت کی غلط پالیسیوں اور ڈیزل کی قیمت میں مسلسل اضافے سے ہماری ٹرانسپورٹ کھڑی ہو رہی ہے، وفاقی حکومت ٹرانسپورٹر دشمن فیصلے کر رہی ہے۔

انہوں نے پاکستان بھر کی چیمبرز اور فیڈریشنز سے اس معاملے میں کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔

ملک شہزاد اعوان نے مطالبہ کیا کہ ٹول ٹیکس اور ود ہولڈنگ ٹیکس میں اضافہ بھی فوری واپس لیا جائے، ہم وفاقی حکومت سے ٹول ٹیکس، ود ہولڈنگ ٹیکس سمیت موٹروے اور ٹریفک پولیس کے چالان میں ریلیف کا مطالبہ کر رہے ہیں لیکن وفاقی اور صوبائی حکومتیں گڈز ٹرانسپورٹرز کو کسی قسم کا کوئی ریلیف نہیں دے رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے وسیع تر مفاد میں گاڑیاں نقصان میں چلا رہے ہیں اور جنگی حالات سے ہمارا ٹرانسپورٹ کا کاروبار بہت متاثر ہے لیکن وفاقی حکومت ہمیں مجبور کر رہی ہے کہ ہم ملک گیر ہڑتال پر چلے جائیں۔

ملک شہزاد اعوان نے مزید کہا کہ دسمبر کی ملک گیر ہڑتال میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے جو وعدے کیے تھے ان پر بھی عمل درآمد کیا جائے۔

مزید خبریں

Back to top button