پولیس کی وردی پہن کر فراڈ!لاہورمیں سابق اہلکاردکان سے آن لائن رقم ہتھیانے کی کوشش میں گرفتار

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) راوی روڈ کے علاقے میں پولیس کی وردی کو مبینہ طور پر فراڈ کیلئے استعمال کرنے والا سابق ڈسمسل اہلکار پولیس کے ہتھے چڑھ گیا۔ ملزم نے نجی دکان سے مبینہ طور پر دھوکہ دہی کے ذریعے آن لائن رقم اپنے اکاؤنٹ میں منتقل کروائی اور رقم ادا کیے بغیر فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی راوی روڈ پولیس نے فوری ریسپانس کیا اور ملزم کو موقع سے گرفتار کرلیا۔ ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ گرفتار ملزم سابقہ ڈسمسل اہلکار اور ریکارڈ یافتہ ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم مبینہ طور پر پولیس یونیفارم پہن کر نجی دکان پر پہنچا اور دکاندار کو دھوکے میں رکھ کر رقم اپنے اکاؤنٹ میں آن لائن ٹرانسفر کروائی۔ رقم کی ادائیگی کیے بغیر ملزم نے موقع سے نکلنے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے اسے قابو کرلیا۔
واقعے کے بعد پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہیں، جبکہ اس بات کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے کہ ملزم نے پولیس یونیفارم کس مقصد کیلئے استعمال کی اور آیا اس نوعیت کے مزید واقعات میں بھی اس کا کوئی کردار ہے یا نہیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیس کی وردی عوام کے جان و مال کے تحفظ اور حفاظت کی ضمانت ہے۔ وردی کا غلط استعمال ناقابلِ قبول ہے اور ایسے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
ایس پی سٹی کا کہنا ہے کہ وردی کے تقدس کو پامال کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، پولیس ایسے افراد کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھے گی۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد کیس میں مزید حقائق سامنے آنے کا امکان ہے۔



