پتوکی:موسیٰ پاک ٹرین کی دو بوگیاں پٹری سے اتر گئیں

پتوکی(جانوڈاٹ پی کے) پتوکی ریلوے اسٹیشن کے قریب موسیٰ پاک ایکسپریس کی دو بوگیاں اچانک پٹری سے اتر گئیں، تاہم خوش قسمتی سے حادثے میں کوئی جانی نقصان یا مسافر زخمی نہیں ہوا۔
ریلوے ذرائع کے مطابق موسیٰ پاک ٹرین ملتان سے لاہور جا رہی تھی کہ پتوکی ریلوے اسٹیشن کے قریب یہ حادثہ پیش آیا۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں اور متعلقہ ریلوے حکام نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
اسٹیشن ماسٹر کے مطابق ٹرین کی رفتار کم ہونے کے باعث بڑا حادثہ ٹل گیا اور تمام مسافر محفوظ رہے۔ انہوں نے بتایا کہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ ٹریک کی بحالی اور ٹرینوں کی آمدورفت معمول پر لانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔



