اسپین میں دو تیز رفتار ٹرینیں آپس میں ٹکرا گئیں،64 افراد ہلاک

میڈرڈ(جانوڈاٹ پی کے)سپین کے علاقے اُردا میں دو تیز رفتار ٹرینوں کے تصادم کے نتیجے میں کم از کم 64 افراد ہلاک ہوگئے، جبکہ مزید ریسکیو آپریشن جاری ہے اور مزید افراد کے جاں بحق ہونے کا خدشہ بھی موجود ہے، رواں سال سپین میں یہ دوسرا مہلک ریلوے حادثہ ہے۔
حادثے کے بعد مسافروں کو ٹرینوں سے نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔ بعض مسافر خون میں لت پت اور زخمی حالت میں سڑک کے کنارے پہنچے، جبکہ رضاکار متاثرین کو پانی فراہم کرتے رہے۔
حادثے کے مقام پر سیکڑوں ایمبولینسیں، ہیلی کاپٹر اور میتیں منتقل کرنے والی گاڑیاں موجود ہیں۔ ٹرین کی کئی بوگیاں پٹڑی سے اتر کر نیچے ڈھلوان پر جا گریں، جبکہ ملبہ اور ٹوٹا ہوا دھاتی سامان اطراف میں بکھرا ہوا ہے۔
حادثے میں متاثر ہونے والی ایک ٹرین میں سفر کرنے والے مسافر میگوئل نے ریڈیو سے گفتگو میں بتایا کہ اچانک زور دار آواز اور شدید جھٹکا محسوس ہوا، جو تقریباً 10 سیکنڈ تک جاری رہا، ان کے مطابق ٹرین کی دائیں جانب کی کھڑکی سے ایک تباہ شدہ ٹرین دکھائی دے رہی تھی۔
ایک شخص کے مطابق نجی کنسورشیم ایریو کی ٹرین سگنل میں خرابی کے باعث انفراسٹرکچر مینیجر ادارے اے ڈی آئی ایف کی ہدایت پر ٹولیڈو کے قریب رک گئی تھی۔ اس کے بعد رینفے کی ٹرین تیز رفتاری سے کھڑی ٹرین سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں دونوں ٹرینوں کی متعدد بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔
رینفے نے اپنے بیان میں کہا کہ سفر جاری رکھنے کی اجازت ملنے کے بعد اس کی ٹرین ایریو کی کھڑی ٹرین سے ٹکرا گئی۔ کمپنی کے مطابق ٹرین کے رکنے کی وجوہات معلوم نہیں تھیں۔
رینفے کا کہنا ہے کہ حادثے کے اصل اسباب، ٹرینوں کی آمدورفت کی صورتحال اور تصادم کے حالات کا تعین تحقیقات کے بعد کیا جائے گا۔ ایریو اور اے ڈی آئی ایف کی جانب سے فوری طور پر اس معاملے پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔



