بدین: الخدمت فاؤنڈیشن کی میگا پلانٹیشن ڈرائیو 2026 کا آغاز،سندھ بھر میں لاکھوں پودے لگانے کا ہدف مقرر

بدین(رپورٹ مرتضیٰ میمن/ جانو ڈاٹ/ پی کے)الخدمت فاؤنڈیشن ضلع بدین کی جانب سے کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے تحت الخدمت میگا پلانٹیشن ڈرائیو 2026 کا آغاز ضلع بدین سے کردیا گیا۔ اس سلسلے میں سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن، حکومت سندھ کے تعاون سے چلنے والے تعلیمی ادارے ایف اے ایس پاتھ ہائی اسکول میں تقریب منعقد کی گئی، جس میں الخدمت فاؤنڈیشن ضلع بدین کے صدر غلام رسول احمدانی، جماعت اسلامی ضلع بدین کے جنرل سیکریٹری عبدالکریم بلیدی، اسسٹنٹ سیکریٹریز ایاز لطیف سومرو اور محمد حنیف ملاح، ایف اے ایس پاتھ ہائی اسکول کے پرنسپل محمد علی بلیدی سمیت الخدمت کے رضاکاروں، اساتذہ اور طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء نے پودے اٹھا کر شجرکاری مہم کی کامیابی کے لیے دعا کی اور پودے لگا کر مہم کا باقاعدہ آغاز کیا۔ اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن کے ذمہ داران نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن سندھ بھر میں لاکھوں پودے لگانے کا ہدف رکھتی ہے، تاکہ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے، ماحول کو سرسبز بنانے اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کم کرنے میں مدد مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ درخت لگانا صدقۂ جاریہ ہے، جبکہ لگائے گئے پودوں کی حفاظت اور دیکھ بھال بھی انتہائی ضروری ہے۔ نوجوان نسل میں شجرکاری کا شعور بیدار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، اس لیے طلبہ، اساتذہ اور شہریوں کو چاہیے کہ وہ اس مہم میں بھرپور حصہ لیں اور سرسبز و صاف پاکستان کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں۔



