ٹرمپ کیساتھ ملکر ایران کا خطرہ ہمیشہ کیلئے ختم کرنے کا ایک منفرد موقع ملا ہے،نیتن یاہو

تل ابیب(جانوڈاٹ پی کے)اسرائیلی وزیرِاعظم نے ایران کو اپنے ملک کے لیے وجودی خطرہ قرار دیتے ہوئے امریکی صدر کے ساتھ تعاون کے ذریعے اس خطرے کو ختم کرنے کی امید ظاہر کی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی وزیرِاعظم نیتن یاہو نے دعویٰ کیا کہ اس وقت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ مل کر ایران سے لاحق خطرے کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنے کا ایک منفرد موقع ملا ہے۔

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے بدھ کو صحافیوں سے گفتگو میں امریکا کو اپنا شراکت دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس موقع سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے ایران کے خلاف ایک حتمی کارروائی پر زور دیا۔

تاہم اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے اپنے بیان میں کسی نئے فوجی آپریشن کی نوعیت، حتمی تاریخ یا اس حوالے سے طے شدہ منصوبے کی تفصیلات نہیں بتائیں جبکہ امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے بھی کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

یاد رہے کہ اسرائیل میں آج ہی عام الیکشن ہوئے جس میں ٹرن آؤٹ نے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیئے اور ابتدائی نتائج میں نیتن یاہو کے انتخابی اتحاد کو معمولی برتری حاصل ہے تاہم انھیں حکومت بنانے کے لیے مزید کسی جماعت کو شامل کرنے کی ضرورت پڑے گی۔

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے ان انتخابات میں فتح کے لیے نہ صرف صدر ٹرمپ سے حمایتی بیانات جاری کروائے تھے بلکہ الیکشن سے دو روز قبل ایران پر حملے کا منصوبہ بھی رکھا جس پر اسرائیلی فوج کے درمیان اختلافات پیدا ہوگئے تھے۔

مزید خبریں

Back to top button