ڈاکٹروں کے بنیادی حقوق کا تحفظ ناگزیر، محفوظ ماحول اور جدید سہولیات فراہم کی جائیں، ڈاکٹر آکاش عباسی

ٹھٹھہ (جاوید لطیف میمن\جانوڈاٹ پی کے) انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ (IHRM) ڈاکٹرز ونگ ضلع ٹھٹھہ کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر آکاش عباسی نے کہا ہے کہ ڈاکٹر صحت کے نظام کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، مگر بدقسمتی سے وہ خود پیشہ ورانہ عدم تحفظ، محدود وسائل، سہولیات کی کمی اور بنیادی انسانی حقوق سے محرومی جیسے سنگین مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔
اپنے بیان میں ڈاکٹر آکاش عباسی نے کہا کہ سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹروں کو جدید طبی آلات، ادویات، حفاظتی انتظامات اور مطلوبہ عملے کی شدید کمی کا سامنا ہے، جس کے باعث نہ صرف طبی عملہ مشکلات سے دوچار ہے بلکہ مریضوں کو بھی معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی متاثر ہو رہی ہے۔
انہوں نے سندھ حکومت اور محکمہ صحت سے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹروں کے لیے محفوظ اور سازگار کام کا ماحول فراہم کیا جائے، اسپتالوں میں مؤثر سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں، خالی آسامیوں پر فوری بھرتیاں عمل میں لائی جائیں، جدید طبی سہولیات مہیا کی جائیں اور ڈاکٹروں کے جائز مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔
ڈاکٹر آکاش عباسی کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ ہمیشہ ڈاکٹروں سمیت زندگی کے ہر شعبے سے وابستہ افراد کے بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے آواز بلند کرتی رہے گی۔ ان کے مطابق ایک محفوظ، بااختیار اور باوقار ڈاکٹر ہی معاشرے کو معیاری طبی خدمات فراہم کر سکتا ہے، اس لیے ڈاکٹروں کے مسائل کا حل عوامی مفاد سے بھی براہِ راست جڑا ہوا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹروں کی عزت، تحفظ اور فلاح کو یقینی بنانا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے، جبکہ IHRM ڈاکٹرز ونگ اس مقصد کے حصول کے لیے ہر سطح پر اپنا مثبت اور مؤثر کردار ادا کرتی رہے گی۔



