ٹھٹھہ: وین اڈے پر 2 ماہ سے موجود گونگا و معذور لاوارث شخص، شناخت تاحال معمہ

ٹھٹھہ ( جاويد لطيف ميمن\جانوڈاٹ پی کے)ٹھٹھہ شہر کے مین اسٹاپ پر واقع میونسپل کمیٹی ٹھٹھہ کے سامنے غوثیہ پٹرول پمپ کے قریب ٹھٹھہ ـ ٹنڈو محمد خان وین اڈے پر گزشتہ دو ماہ سے ایک معذور اور گونگا شخص موجود ہے، جو نہ صرف بولنے سے قاصر ہے بلکہ اپنی شناخت اور اہل خانہ کے بارے میں بھی کوئی معلومات فراہم نہیں کر سکتا۔
ٹرانسپورٹ ضلع ٹھٹھہ کے صدر اور جیو بروہی وین سروس کے آرگنائزر شاہجہان بروہی اور شاہد مارواڑی اس معذور شخص کی مسلسل دیکھ بھال کر رہے ہیں۔ وہ اسے کھانا، کپڑے اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کر رہے ہیں، تاہم تاحال اس کے ورثاء یا اہل خانہ کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔
معلوم ہوا ہے کہ یہ درویش صفت شخص اکثر اپنے عزیزوں کو یاد کرکے آبدیدہ ہو جاتا ہے، لیکن اسے نہ اپنا نام معلوم ہے اور نہ ہی اپنے خاندان یا رہائش گاہ کے بارے میں کوئی معلومات یاد ہیں، جس کے باعث اس کے وارثوں تک رسائی ممکن نہیں ہو سکی۔
اس موقع پر شاہجہان بروہی اور شاہد مارواڑی نے بتایا کہ مذکورہ معذور شخص گزشتہ دو ماہ سے وین اڈے پر موجود ہے اور وہ انسانی ہمدردی کے تحت اس کی دیکھ بھال کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ اس کے اہل خانہ کا سراغ لگا کر اسے بحفاظت ان کے حوالے کیا جائے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اگر کوئی شخص اس معذور فرد کو پہچانتا ہو یا اس کے خاندان کے بارے میں معلومات رکھتا ہو تو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر آگے آئے اور اس کے وارثوں کی تلاش میں تعاون کرے، تاکہ اسے اس کے اہل خانہ تک پہنچایا جا سکے۔ فی الحال نہ اس کے شہر کا پتہ چل سکا ہے اور نہ ہی یہ معلوم ہو سکا ہے کہ وہ یہاں کیسے پہنچا۔



