تھرپارکر میں دفعہ 144 نافذ، گوچر اور سرکاری زمینوں پر کاشتکاری و درختوں کی کٹائی پر 90 روز کی پابندی

تھرپارکر (رپورٹ: میندھرو کاجھروی/ جانو ڈاٹ پی کے) ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی کی درخواست پر ڈویژنل کمشنر میرپورخاص نے ضلع بھر میں فوری طور پر دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے گوچر (چرائی کی زمین)، سرکاری اراضی پر غیرقانونی کاشتکاری اور درختوں کی کٹائی پر آئندہ 90 روز کے لیے مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔
جاری کردہ حکم نامے کے مطابق ضلع کی سرکاری اراضی، چراگاہوں (گوچر) اور قدرتی ماحول کے تحفظ کے پیشِ نظر کسی بھی فرد یا گروہ کو سرکاری زمین پر قبضہ، غیرمجاز کاشتکاری یا درختوں کی کٹائی کی اجازت نہیں ہوگی۔ احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
دوسری جانب ڈپٹی کمشنر عبدالحلیم جاگیرانی نے دفعہ 144 کے نفاذ کے بعد ضلع کے تمام ساتوں تعلقوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں حکومتی احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کریں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق دفعہ 144 کے نفاذ کا مقصد سرکاری زمینوں پر غیرقانونی قبضوں، غیرمجاز کاشتکاری، درختوں کی بے دریغ کٹائی کی روک تھام اور ماحولیات و قدرتی وسائل کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔
انتظامیہ نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ حکومتی احکامات پر عمل کریں اور سرکاری اراضی، گوچر یا درختوں سے متعلق کسی بھی غیرقانونی سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ انتظامیہ کو دیں تاکہ قدرتی وسائل اور ماحول کا مؤثر تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔



