تھرپارکر پولیس کی منشیات فروشوں کے خلاف بڑی کارروائی، چرس، وسکی اور کار برآمد، 2 ملزمان گرفتار


تھرپارکر (رپورٹ: میندھرو کاجھروی/ جانو ڈاٹ پی کے) ایس ایس پی تھرپارکر عارف عزیز کی ہدایات پر ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر اور منشیات فروشوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران سی آئی اے تھرپارکر نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے دو مبینہ ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ماڈل پولیس اسٹیشن مٹھی کی حدود میں انچارج سی آئی اے تھرپارکر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ اسنیپ چیکنگ کے دوران غمشاد ولد سلیم چانڈیو سکنہ عرس چانڈیو اور تیرتھ ساگر سکنہ کانجی کالونی مٹھی کو حراست میں لیا۔
کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 555 گرام چرس، 24 پینٹیں واٹ ون وسکی اور ایک کار برآمد کر لی گئی، جنہیں پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا۔
پولیس نے دونوں ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت ماڈل پولیس اسٹیشن مٹھی میں الگ الگ مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
ایس ایس پی تھرپارکر عارف عزیز نے کامیاب کارروائی پر انچارج سی آئی اے اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے ہدایت کی کہ ضلع بھر میں منشیات فروشوں اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر اور بلاامتیاز انداز میں جاری رکھی جائیں۔