تھرپارکر:کلوئی کے قریب خاتون سے مبینہ زیادتی کی کوشش،خاموش نہ رہنے پر کاری قرار دے کر قتل کی سنگین دھمکیاں

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی/ جانو ڈاٹ پی کے) کلوئی کے قریب گاؤں جھڑبی میں ایک خاتون سے مبینہ زیادتی کی کوشش اور دھمکیاں دینے کا الزام سامنے آیا ہے۔ خاتون نے اپنے شوہر کے ہمراہ احتجاج کرتے ہوئے مبینہ ملزم کے خلاف قانونی کارروائی اور اپنے خاندان کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
خاتون کلثوم زوجہ الہڈنو لُنڈ نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ 4 اگست 2026ء کی رات اس کا شوہر کام کے سلسلے میں قبائلی چک گیا ہوا تھا، جبکہ وہ اپنے معصوم بیٹے کے ہمراہ گھر میں سو رہی تھی۔ رات تقریباً 11 بجے گاؤں کا رہائشی محمد صدیق ولد بلاول مبینہ طور پر اس کے گھر میں داخل ہوا اور اس کے ساتھ زبردستی کرنے کی کوشش کی۔
خاتون کے مطابق، اس نے اپنی عزت بچانے کے لیے شور مچایا، جس پر محمد صدیق مبینہ طور پر موقع سے فرار ہوگیا۔ واقعے کے بارے میں اس نے اپنے والد اور گاؤں کے معززین کو آگاہ کیا۔
کلثوم کا مزید الزام ہے کہ واقعے کے بعد محمد صدیق اور اس کے رشتہ داروں کی جانب سے اسے اور اس کے اہلِ خانہ کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں اور کہا جا رہا ہے کہ اگر وہ خاموش نہ ہوئی تو اسے کاری قرار دے کر قتل کردیا جائے گا۔
خاتون کلثوم نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ محمد صدیق ولد بلاول کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کیا جائے اور اسے اور اس کے اہلِ خانہ کو تحفظ فراہم کیا جائے۔



