تھرپارکر:پولیس اہلکار کے منشیات فروشوں سے مبینہ روابط،شوکازنوٹس جاری،چھاپوں میں5ملزم گرفتار

تھرپارکر(رپورٹ:میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے)سندھ پولیس نے ضلع تھرپارکر میں تعینات ایک پولیس اہلکار کے خلاف منشیات فروشوں اور غیرقانونی سرگرمیوں میں مبینہ معاونت کے الزام پر شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے، جبکہ پولیس کی مختلف کارروائیوں کے دوران منشیات فروشی اور چوری شدہ موٹرسائیکلوں کے مقدمات میں 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ جاری کردہ شوکاز نوٹس کے مطابق پولیس کانسٹیبل محمد رمضان (بیج نمبر 1366/875)، جو پہلے تھرپارکر کے تھانہ کلوئی میں تعینات تھا اور اس وقت معطل ہو کر ہیڈکوارٹر گارڈن ساؤتھ زون کراچی میں کلوز ہے، کو 7 روز کے اندر تحریری وضاحت پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ نوٹس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ مذکورہ اہلکار مبینہ طور پر منشیات، سفینہ گٹکا اور شراب کے غیرقانونی کاروبار میں ملوث افراد سے روابط رکھتا رہا، ان سے ہفتہ وار بھتہ وصول کرتا رہا اور انہیں مبینہ سہولت فراہم کرتا رہا، جس پر سندھ پولیس (ای اینڈ ڈی) رولز 1988 کے تحت محکمانہ کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ نوٹس کے مطابق معتبر ذرائع سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق، جب وہ تھانہ کلوئی میں تعینات تھا تو اس کے منشیات فروشوں اور ڈیلرز سے مبینہ قریبی تعلقات تھے۔ الزام ہے کہ اس کے سفینہ گٹکا کے ڈیلرز عبداللہ خان لنڈ، ڈھولو خان لنڈ، اکرم ہالو، رشید ہالو، عبدالرحمان ہالو، امان اللہ ہوتھی، خالد درس، اسلم چوہان، مقیم ڈیسر اور نانا ڈیسر سے مضبوط روابط تھے۔ علاوہ ازیں شراب (وہسکی) کے مبینہ ڈیلر انوپول بھیل کو بھی سہولت فراہم کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر مقررہ مدت میں وضاحت جمع نہ کرائی گئی تو محکمانہ کارروائی یکطرفہ (Ex-Parte) بنیاد پر مکمل کی جائے گی۔دوسری جانب پولیس کے مطابق تھانہ اسلام کوٹ کے ایس ایچ او نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے سریش ولد نرسنگھ بھیل، پردیپ کمار ولد لچھمن اور شان ولد شوکت علی آرائیں، ساکنان ٹنڈو جان محمد ضلع میرپورخاص، کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان کے قبضے سے دو چوری شدہ موٹرسائیکلیں بھی برآمد کی گئیں، جبکہ ان کے خلاف تھانہ اسلام کوٹ میں مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ ادھر تھانہ کلوئی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گل محمد ولد اللہ ورایو ہالو، سکنہ کمہالو، کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 660 سفینہ گٹکا کے پاؤچ برآمد کیے۔ ایک اور کارروائی میں اختر بکر بجیر، سکنہ کمہالی، کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 880 سفینہ گٹکا کے پاؤچ برآمد کیے گئے۔ دونوں ملزمان کے خلاف منشیات ایکٹ کے تحت تھانہ کلوئی میں مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔



