ٹروبا ٹیسٹ:ویسٹ انڈیز پہلی اننگز میں311رنز بناکر آؤٹ

ٹروبا(جانو ڈاٹ پی کے)ویسٹ انڈیز ٹیم پاکستان کے خلاف پہلے اننگز میں311رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ٹروبا میں برائن لارا کرکٹ اکیڈمی میں میچ کا ٹاس ویسٹ انڈیز نے جیتا اور پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، شائی ہوپ نے سب سے زیادہ 92 رنز بنائے، کیوم ہوج 84، شمار جوزف23، چندرپال اورعامر جنگو21-21رنز بناسکے۔پاکستان کی جانب سے محمد علی نے 4، محمد عباس نے 3 شکار کیے، خرم شہزاد نے 2، عامر جمال نے ایک وکٹ حاصل کی۔
یاد رہے کہ ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے افتتاحی روز مضبوط آغاز کرتے ہوئے 3 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنائے تھے۔
میچ میں بارش کے باعث پہلے سیشن کا کھیل شدید متاثر ہوا اور صرف 14.1 اوورز ہی ممکن ہو سکے۔ بارش کے بعد کھیل دوبارہ شروع ہوا تو تیگنارائن چندر پال اور کیویم ہوج نے دوسری وکٹ کے لیے 51 رنز کی اہم شراکت قائم کی، تاہم چندر پال 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد عامر جنگو نے ہوج کا ساتھ دیتے ہوئے تیسری وکٹ کے لیے 42 رنز کا اضافہ کیا، لیکن وہ بھی 21 رنز بنا کر محمد عباس کی دوسری وکٹ بن گئے۔دن کے آخری حصے میں کیویم ہوج اور شائی ہوپ نے انتہائی محتاط اور پراعتماد بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستانی بولرز کو مزید کامیابی حاصل کرنے کا موقع نہ دیا۔دونوں بلے بازوں نے چوتھی وکٹ کے لیے ناقابلِ شکست 88 رنز جوڑے اور ٹیم کا مجموعہ 194 رنز تک پہنچا دیا۔ اس دوران ہوج نے اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی اور دن کے اختتام پر 83 جبکہ شائی ہوپ 39 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔
پاکستانی ٹیم کی جانب سے 33 سالہ بائیں ہاتھ کے اسپنر علی عثمان ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو کر رہے ہیں جو پہلی مرتبہ قومی ٹیم کی ٹیسٹ کیپ حاصل کر کے میدان میں اترے ہیں۔



