بدین:ٹیکسی ڈرائیور پر تشدد، گاڑی چھیننے کی کوشش کا الزام، متاثرہ ڈرائیور کا ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو/ڈاٹ/پی کے)میرپورخاص سے تعلق رکھنے والے ٹیکسی ڈرائیور ظفرعلی پنہور نے بدین میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ میرپورخاص کے رہائشی نعیم آرائیں، رضوان اور عمران کھوسو نے ان پر تشدد کیا اور گاڑی چھیننے کی کوشش کی ظفر علی پنہور نے بتایا کہ مذکورہ افراد ٹیکسی اسٹینڈ پر آئے اور انہیں بدین چلنے کے لیے کہا، جس پر وہ اپنی گاڑی میں انہیں لے کر بدین پہنچے ان کے مطابق شہر میں کچھ دیر گھومنے کے بعد ملزمان نے انہیں بدین کے قریب ایک گاؤں جانے کا کہا، تاہم انہوں نے یہ کہتے ہوئے انکار کر دیا کہ طے شدہ بات کے مطابق صرف بدین شہر تک آنا تھا، اس لیے وہ شہر سے باہر نہیں جائیں گے۔ انکار پر ملزمان گاڑی سے اتر کر چلے گئے
انہوں نے مزید بتایا کہ جب وہ واپس حیدرآباد روڈ کی جانب جا رہے تھے تو شیخ عمر درگاہ کے قریب وہی افراد ایک دوسری گاڑی میں آئے، ان کا راستہ روک کر تشدد کا نشانہ بنایا اور ان کی گاڑی چھیننے کی کوشش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ درگاہ پر موجود افراد نے مداخلت کر کے انہیں بچایا، تاہم ملزمان ان کا موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے متاثرہ ٹیکسی ڈرائیور نے بتایا کہ واقعے کے حوالے سے بدین تھانے میں این سی درج کرا دی گئی ہے۔ انہوں نے ایس ایس پی بدین سے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کرکے انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔



