طارق طافولاہور میں سپردِ خاک، فنکاربرادری کی بڑی تعداد نماز جنازہ میں شریک

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)معروف گلوکار اور ڈرمر طارق طافو کو لاہور کے مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔
نمازہ جنازہ میں معروف گلوگاروں اور فلم انڈسٹری سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی، ان کے ساتھیوں نے مرحوم کو سریلا گلوکار، خاندان اور محلے کی رونق قرار دیا۔
طافو خاندان کے چشم و چراغ 58 سالہ، لہور لہور اے نغمہ سے شہرت پانے والے طارق طافو ایک روز پہلے خالق حقیقی سے جا ملے تھے۔
ان کی نماز جنازہ میں گلوکار ساحر علی بگا، وارث بیگ، ملکو، عباس جٹ، ہدایت کار شہزاد رفیق، گلوکار حامد علی خان کے صاحبزادے ولی حامد اور دیگر نے شرکت کی۔
گلوکاروں کا کہنا تھا کہ طارق طافو ایک فنکار ہونے کے ساتھ ساتھ لوگوں کے کام آنے والے دردمند اور مذہب سے لگاؤ رکھنے والے انسان تھے۔
مرحوم کو نماز جنازہ کے بعد شہنشاہ قبرستان، اقبال ٹاون میں سپرد خاک کردیا گیا۔
شرکاء کا کہنا تھا کہ طافو خاندان کئی دہائیوں سے فن گائیکی اور موسیقی کی خدمت کر رہا ہے۔



