سوات میں خوفناک حادثہ، بریک فیل سوزوکی کھائی میں جا گری، 10 افراد زخمی


سوات (جانوڈاٹ پی کے) سوات کے علاقے گبین جبہ روڈ، دارمئی میں ایک افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جہاں بریک فیل ہونے کے باعث سوزوکی پک اپ گہری کھائی میں جا گری، جس کے نتیجے میں 10 افراد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد مزید علاج کے لیے تحصیل ہیڈکوارٹر (ٹی ایچ کیو) ہسپتال مٹہ منتقل کر دیا۔
حادثے میں زخمی ہونے والوں میں 20 سالہ لقمان، 27 سالہ وسیم، 13 سالہ یاسین، 14 سالہ انس، 12 سالہ غنی، 11 سالہ ریحان، 9 سالہ رحمان، 13 سالہ عدنان، 13 سالہ سلمان اور 14 سالہ طیب شامل ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق تمام زخمیوں کا تعلق باغ ڈھیرئی، سوات سے ہے، جبکہ حادثے کی ابتدائی وجہ گاڑی کے بریک فیل ہونا بتائی جا رہی ہے۔ واقعے کے بعد متعلقہ اداروں نے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔