کوہاٹ پولیس لائنز دھماکا، 869 کلوگرام دھماکا خیز مواد استعمال ہوا

پشاور (جانوڈاٹ پی کے) کوہاٹ پولیس لائنز دھماکے سے متعلق بم ڈسپوزل یونٹ کی تفصیلی رپورٹ تیار کرکے سنٹرل پولیس آفس ارسال کردی گئی، جس میں حملے میں 869 کلوگرام دھماکا خیز مواد استعمال ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق دھماکے کے مرکز، بارودی مواد کی نوعیت اور مقدار کا جائزہ لیا گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں بننے والے گڑھے کا ظاہری قطر 6.6 بائی 11 فٹ جبکہ گہرائی 4.6 فٹ ریکارڈ کی گئی۔
بم ڈسپوزل یونٹ کے مطابق دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی کی ابتدائی شناخت کرلی گئی ہے، جبکہ انتہائی طاقتور دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا۔ سپیشل برانچ کی عمارت کے اندر سے نہ پھٹنے والا دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ گراؤنڈ فلور سے 2 آئی ای ڈیز برآمد ہوئیں، جبکہ پہلی منزل سے ایک خودکش جیکٹ ملی، جس میں 4 آئی ای ڈیز نصب تھیں۔
رپورٹ کے مطابق کلیئرنس آپریشن مکمل ہونے کے بعد علاقے کو محفوظ اور کنٹرولڈ قرار دے دیا گیا۔ دھماکے کے بعد حملہ آور پرانی پولیس لائنز کوہاٹ میں داخل ہوئے اور سپیشل برانچ بلاک میں مضبوط مورچہ قائم کیا۔
واضح رہے کہ 18 ستمبر کو پرانی پولیس لائنز کوہاٹ میں دھماکا ہوا تھا۔



