سجاول پولیس کی کارروائی، ربڈنو جت قتل کیس کے 6 میں سے 4 نامزد ملزمان گرفتار

سجاول (جانوڈاٹ پی کے) پیپلز پارٹی کے رہنما ربڈنو جت قتل کیس میں سجاول پولیس نے اہم پیش رفت کرتے ہوئے مرکزی کردار مظفر جت اور فیاض جسکانی کو گرفتار کر لیا، جس کے بعد مقدمے میں گرفتار نامزد ملزمان کی تعداد بڑھ کر چار ہو گئی ہے۔

پولیس کے مطابق ایس ایس پی علینہ راجپر کی ہدایات پر تشکیل دی گئی خصوصی ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل ٹریکنگ اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اس سے قبل غلام قادر جت اور رمضان جت بھی اسی قتل کیس میں گرفتار کیے جا چکے ہیں، جبکہ مقدمے میں نامزد مجموعی طور پر 6 ملزمان میں سے اب 4 قانون کی گرفت میں آ چکے ہیں۔

پولیس کے مطابق باقی دو مفرور نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ ربڈنو جت قتل کیس کی تفتیش کا دائرہ بھی مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔

پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ کیس میں مزید اہم پیش رفت اور باقی مفرور ملزمان کی گرفتاری بھی جلد متوقع ہے۔

مزید خبریں

Back to top button