آبنائے ہرمز میں آئل ٹینکر پر حملہ، سعودی عرب سمیت 6 ممالک کا شدید ردعمل


ریاض(مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب اور یمن نے بحرین، اردن، قطر اور شام کے ساتھ مل کر آبنائے ہرمز سے گزرنے والے متحدہ عرب امارات کے آئل ٹینکر پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
متحدہ عرب امارات نے حملے کا الزام ایران پر عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔
سعودی وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ اس طرح کے قابلِ مذمت حملے سمندری آمدورفت کی سلامتی و تحفظ اور عالمی توانائی کی فراہمی کے تحفظ پر براہِ راست حملہ ہیں۔
سعودی وزارتِ خارجہ کے مطابق سعودی عرب ایران کو اس کی مسلسل جارحانہ کارروائیوں کے نتائج کا ذمہ دار قرار دیتا ہے اور مطالبہ کرتا ہے کہ ایران فوری طور پر ایسی خلاف ورزیوں کا سلسلہ بند کرے۔
دوسری جانب یمن کی وزارتِ خارجہ نے بھی حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے سمندری آمدورفت اور تجارتی جہازوں کی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا ہے۔
یمن نے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے حملے فوری طور پر روکے جائیں اور بین الاقوامی قوانین کی مکمل پاسداری کی جائے۔